اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے جمعرات کو فارن منسٹر چیمبر پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران ای ویزہ کے اجراء و ملکی داخلی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ آن لائن ویزہ کے اجراء سے پاکستان میں آمد و سرمایہ کاری کے خواہشمند حضرات کو بے جا پریشانیوں سے نجات ملے گی۔ وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا کہ سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2107ء قیدیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے سعودی وزارت داخلہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ دونوں وزراء نے تارکین وطن کیلئے امیگریشن کے عمل کو آسان، سادہ اور مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔