وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سےوفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی ملاقات

87

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سےوفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پیر کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال ، قومی بیانیے کی مثبت تشہیر سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فواد چوہدری نے فلسطین میں مظالم رکوانے کیلئے،سفارتی امن مشن کی کامیابی پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دورہ ء عراق کے دوران عراق کی سیاسی قیادت سے ہونیوالی ملاقاتیں بہت سود مند رہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے انہیں اقتصادی تعاون اور دو طرفہ روابط میں اضافے کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے وژن سے آگاہ کیا – عراقی قیادت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے کا عندیہ خوش آئند ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات، چوہدری فواد حسین نے مقامی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی سفارتی کامیابیوں اور قومی بیانیے کی مثبت تشہیر کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی