بیجنگ۔6فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اتوار کو بیجنگ میں پاکستانی طلبہ اور پروفیشنلز کی سہولت کیلئے بنائے گئے پورٹل کا افتتاح کیا،چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس پورٹل کا مقصد پاکستانی طلبہ اور چینی ماہرین کے درمیان تکنیکی روابط کا فروغ ہے،یہ پاکستانی طلبہ اور چین میں پیشہ ورانہ کمیونٹی کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ پورٹل جدید تحقیقی اختراعات اور دریافتوں کے ضمن میں معاونت فراہم کرے گا اور پاکستانی طلبہ اور پروفیشنلز کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔