وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فیلیپو گرانڈی سے ملاقات ۔

121

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر بدھ کو نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فیلیپو گرانڈی سے ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران افغانستان کی موجودہ صورتحال اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے افغانستان میں پنپتے ہوئے انسانی بحران اور مہاجرین کی نقل مکانی کے خطرات سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت کا اعادہ کیا اور وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی بنیادی اقدار کی ترویج اور بحرانوں کے دوران مثبت اور متحرک کردار کی ادائیگی پر یو این ایچ سی آر کے کردار کو سراہا۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے افغانستان سے مختلف ممالک کے شہریوں اور بین الاقوامی اداروں کے عملے کو انخلاءکے عمل میں معاونت کی فراہمی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانوں کی انسانی بنیادوں پر معاونت کو جاری رکھے ہوئے ہے، عالمی برادری کی جانب سے افغانستان کو انسانی بحران سے نکالنے کیلئے غیر مشروط معاونت کی فراہمی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، اپنے محدود وسائل کے پیش نظر، مزید مہاجرین کی میزبانی کا بوجھ اٹھانے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی نے گذشتہ چار دہائیوں سے، 40 لاکھ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کے کردار کو سراہا اور وزیر خارجہ کے ساتھ، اپنے حالیہ دورہ پاکستان اور افغانستان کے حوالے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔