وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت میکرو اکنامک ایڈوائزری گروپ کا اجلاس ، زری اورمالیاتی محاذوں پرمعیشت کے استحکام کیلئے حکومت کے اقدامات پراطمینان کا اظہار

82
نجی شعبہ کی جانب سے قرضہ حاصل کرنے کی شرح میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ ہوا،وزیرخزانہ شوکت ترین

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):کلی معیشت کیلئے قائم مشاورتی گروپ نے زری اورمالیاتی محاذوں پرمعیشت کے استحکام کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پراطمینان کا اظہارکیا ہے۔میکرو اکنامک ایڈوائزری گروپ کا اجلاس جمعرات کویہاں وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات شوکت ترین کی زیرصدارت منعقد ہوا۔

سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، نسٹ کے ڈین ڈاکٹر اشفاق حسن خان، پروفیسر آف اکنامکس ڈاکٹر راشد امجد، ڈائریکٹر ایس ڈی پی آئی ڈاکٹر عابد قیوم سلیری، کنٹری ڈائریکٹر ایس بی پی آئی جی سی ڈاکٹر اعجاز نبی نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان کی معیشت کے بنیادی میکرو اکنامک اشاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میکرو اکنامک ایڈوائزری گروپ کے اراکین نے زری اور مالیاتی دونوں محاذوں پر معاشی استحکام کے لیے موجودہ حکومت کی جانب سے کی گئی کوششوں کو سراہا۔

تمام اراکین نے معیشت کی ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اراکین نے اس بات کو اجاگر کیا اور تعریف کی کہ معیشت درست سمت میں جا رہی ہے۔ اجلاس میں ضروری اشیا کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے حوالہ سے چیلنجز اور متعلقہ اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا اجلاس کے دوران عوام بالخصوص شہری متوسط ​​طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف موثر اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں معیشت میں ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مسائل سے نمٹنے کے لیے عملی حل کا بھی تجزیہ کیا گیا۔