وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انوسٹمنٹ بینک کے وفد سے ملاقات

80

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے جمعہ کو یہاں ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انوسٹمنٹ بینک کے وفد سے ملاقات کی۔وفد کی قیادت ڈی جی سرمایہ کاری سوپی ٹیراونینتھوم کر رہی تھیں۔ اجلاس میں وزارت خزانہ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ وزیر خزانہ مفتاح نے وفد کا خیرمقدم کیا اور انہیں موجودہ بجٹ اور مالیاتی اقدامات کے بارے میں بتایا ۔

وزیرخزانہ نے وفد کو اقتصادی وبنیادی ڈھانچہ کی ترقی برقرار رکھنے کے لیے مقرر کردہ محصولات اور ترقیاتی اہداف کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے وفد کو پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور پاکستان کی معیشت پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں بھی بتایا۔سوپی ٹیراوینتھم نے عوام کی سماجی ترقی کے لیے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات کو سراہا۔

انہوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں اور سرمایہ کاری میں ایشئین انفراسٹرکچر اینڈانویسٹمنٹ بینک کے کردار پر روشنی ڈالی اور پاکستان کے لیے بینک کی مالی امداد اور تعاون میں اضافہ کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر خزانہ نے وفد کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔