اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد پولیس اہلکاروں کے عہدے اپ گریڈ کرنے اور ایف سی اہلکاروں کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے حوالے سے وزارت داخلہ کی سمری کی منظوری دیدی ہے ۔ وزیر داخلہ کے اعلان کردہ پیکج کے مطابق پولیس کانسٹیبل کا گریڈ پانچ سے بڑھا کر سات، ہیڈ کانسٹیبل سات سے نو جبکہ اے ایس آئی کا گریڈ نو سے بڑھا کر گیارہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایف سی اہلکاروں کی تنخواہوں کو اسلام آباد پولیس کے برابر کیا جا رہا ہے تنخواہوں میں اضافے کی ساتھ ساتھ ایف سی اہلکاروں کو انٹرنل سیکیورٹی ڈیوٹی الاو¿نس بھی دینے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ ایف سی اہلکاروں کی مدت ملازمت35 سال سے بڑھا کر 45 سال کی جا رہی ہے۔