وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات

229

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بدھ کو فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے سفیر کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور دیرینہ دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ دونوں ملکوں کے درمیان معیشت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔

وزیر خزانہ نے سعودی عرب کے سفیر کو سیلاب کے بعد جاری تعمیر نو اور بحالی کے پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی ) کی جانب سے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 بلین امریکی ڈالر ڈپازٹ کی مدت میں توسیع پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں قیمتی سرمایہ کاری پر سعودی فنڈ برائے ترقی کا بھی شکریہ ادا کیا۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے طویل المدتی تعلقات کا اعتراف کیا اور بتایا کہ سعودی عرب کا مقصد پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید گہرا کرنا ہے۔وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون اور امداد پر مملکت سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔