وزیر خزانہ کی زیر صدارت ماربل ایسوسی ایشن کے وفد کا اجلاس،ماربل انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی

52

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل کی زیر صدارت ماربل ایسوسی ایشن کے وفد کا اجلاس بدھ کو یہاں وزارت خزانہ میں منعقد ہوا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ایف بی آر کے چیئرمین سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

اس موقع پر ماربل ایسوسی ایشن کے وفد کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ ماربل کی مقامی صنعت بہتر اور معیاری پیداوار کیلئے مینو فیکچرنگ کے روایتی طریقوں کی بجائے جدید ترین ٹیکنالوجی پر منتقل ہو رہی ہے۔ انہوں نے ٹیکس کے حوالہ سے صنعت کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی وزیر خزانہ کو آگاہ کیا اور اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے ریلیف کی فراہمی کی خواہش کا اظہار کیا۔

مفتاح اسمعیل نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں ماربل انڈسٹری کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ شعبہ کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر خاتمہ کیا جائے گا۔