وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان سے سعودی وزارت داخلہ کے سینئر حکام کے وفد کی ملاقات، پاک سعودی عرب دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت

256

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان سے سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے سینئر حکام کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی۔پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی بھی ملاقات میں شریک تھے۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھراور وزارت داخلہ کے دیگراعلی حکام بھی موجود تھے۔سعودی سفارتکارحسن القحطامی کے قتل کی تحقیقات اورمجرمان کی گرفتاری سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے سےمتعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

پاک سعودی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ معاہدے پر جلد دستخط کرنے پراتفاق کیا گیا۔مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کے درمیان کوآرڈینیشن مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔سعودی حکام کا پاکستان سعودی عرب تعلقات میں مزید مضبوطی کےلئے ہمہ جہت کوششیں کرنے پربھی اتفاق کیا گیا۔وزیر داخلہ نے حالیہ سیلاب میں متاثرین کیلئے ہنگامی انسانی امداد دینے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔

پاکستان اورسعودی عرب مل کر تمام داخلی اورعلاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرینگے۔ سعودی سفارتکار کے قتل میں ملوث مجرمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجرمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ سعودی سفارتکار کے لواحقین اور خاندان کے دیگر افراد سے انتہائی ہمدردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات تاریخی، دیرینہ اوربرادرانہ ہیں۔پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔

سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ فراخدلانہ مدداورمعاونت کی ۔سیلاب زدگان کی بروقت امداد سے حکومت کی متاثرین کی بحالی میں مدد ملی۔ شکرگزار ہیں۔ سعودی حکام نے سفارتکار حسن القحطانی کے قتل کی تحقیقات پر اطمینان کااظہار کیا۔سعودی حکام نے مجرمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی پر وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا شکریہ ادا کیا۔