اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان التھانی نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پاک ۔ قطر تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور سمیت پاکستان اور قطر کے درمیان سیاحت اور تجارت کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات باہمی بھائی چارے اور محبت پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ ہے جو دائم ہے۔ وزیر داخلہ نے اپنے حالیہ دورہ کے حوالے سے بہترین انتظامات کرنے پر قطر کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قطر کے امیر اور وزیراعظم کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
انہوں نے قطر کے سفیر کو ماہ رمضان کی مبارکباد پیش کی اور امن و سلامتی کیلئے دعا کی۔