وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ایف آئی اے اور ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت

108

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے اور ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی ہے کہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو میگا کرپشن کیس کی تحقیقات کے سلسلہ میں ماضی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ حکم امتناعی کے خاتمہ کےلئے فوری طور پر عدالت سے رجوع کیا جائے تاکہ معاملہ کی انکوائری کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے، وزیرِ داخلہ نے سی ڈی اے کو بھی ہدایت کی ہے کہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو میں فلیٹ خریداروں اور دیگر متاثرین سے فوری رابطہ کیا جائے تاکہ ان کی جانب سے جمع شدہ کلیمزکی بنیاد پر ان کے پیسےوںکی واپسی کے لئے جلد از جلد لائحہ عمل تشکیل دیا جا سکے، وزیرِ داخلہ نے وزارتِ داخلہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ دارالحکومت خصوصاً ریڈ زون کے سیکیورٹی تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ون کانسٹی ٹیوشن ایوینو کی عمارت کے ممکنہ استعمال کے حوالے سے مفصل تجاویز مرتب کی جائیں جو کہ وزیرِاعظم کو پیش کی جائیں ۔ جمعہ کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ داخلہ نے یہ بات ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو میگا کرپشن کیس پر اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ فیصلہ پر عملدرآمد اور اس معاملہ میںمستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔