وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی برطانوی ہم منصب امبررڈ سے ملاقات

133
APP97-14 LONDON: November 14 - Interior Minister Ch. Nisar Ali Khan shaking hand with his British counterpart Ms. Amber Rudd before their meeting. APP

لندن ۔ 14 نومبر (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پیر کو یہاں برطانوی ہم منصب امبررڈ سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاک برطانیہ تعلقات، سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، غیر قانونی تارکین وطن، منظم جرائم، انسداد منشیات، منی لانڈرنگ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر داخلہ نے برطانوی منصب کو حال ہی میں منظور شدہ سائبر کرائم کی روک تھام سے متعلق بل کے بارے میں بھی آگاہ کیا جس سے انٹرنیٹ سے متعلقہ جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ برطانوی ہم منصب سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ سائبر کرائم قانون سے انٹرنیٹ کے ذریعے نفرت انگیز مواد کی تشہیر کو روکنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سائبر قوانین کے موثر نفاذ اور اسے مزید فعال بنانے کےلئے برطانیہ کی تکنیکی معاونت مددگار ثابت ہو گی۔ اس موقع پر برطانوی وزیرداخلہ نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ برطانوی وزیر داخلہ نے دوطرفہ اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ دوروں سے سیکیورٹی سمیت مختلف امور میں تعاون کو مزید فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گی جس سے دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔