وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی نادرا میگا سنٹر کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

251

اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ جعلی شناختی کارڈز کا معاملہ حساس ہے، اس مشکل کام کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، نادرا کے میگا سنٹرز پر بین الاقوامی معیار کی سہولیات دستیاب ہوں گے، ہر پاکستانی وی آئی پی ہوگا اور ہر ضلع میں پاسپورٹ آفس قائم کیا جائے گا۔ پیر کو بلیو ایریا میں واقع نادرا میگا سنٹر کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دوسرا میگا سنٹر قائم کیا جا رہا ہے، لاہور، پشاور، کوئٹہ کے علاوہ کراچی میں تین میگا سنٹر بھی قائم کئے جائیں گے، اس سلسلہ میں کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ٹینڈرز کے اجراءکی وجہ سے اس عمل میں کچھ تاخیر ہوئی، ہر صوبائی ہیڈ کوارٹر میں میگا سنٹر کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا اور ہر پاکستانی کا کام وی آئی پی طریقہ سے ہو گا، انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ان کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے وزارت سنبھالنے سے قبل 92 پاسپورٹ آفس قائم تھے، گذشتہ سال فیصلہ کیا گیا کہ ہر ضلع میں پاسپورٹ آفس قائم کیا جائے گا،72 اضلاع میں پاسپورٹ آفس نہیں ہیں، عنقریب ہر ضلع میں پاسپورٹ آفس کا قیام عمل میں آجائے گا اور بڑے شہروں میں ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس بھی بنیں گے۔