وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے پاکستان میں ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف کی ملاقات

163
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے پاکستان میں ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف کی ملاقات

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے پاکستان میں ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف نے جمعرا ت کو یہاں ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو تاریخی، ثقافتی اورمشترکہ مذہبی بنیادوں پر مبنی ہیں ، ہم باہمی مفادات بالخصوص دفاع کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔

وزیر دفاع نے ذکر کیا کہ پاکستان جون 1992 میں تاشقند میں سفارت خانہ کھولنے والے پہلے تین ممالک میں شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور پوری دنیا میں ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

وزیردفاع نے افغان بحران کے حل اور خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کے ناگزیر کردار پر زور دیا۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔ افغانستان میں عدم استحکام کے نتائج پورے خطے کے لیے سنگین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ازبکستان کے ساتھ کثیر الجہتی تعاون کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔معززسفیر نے ازبک حکومت اور عوام کے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور اپنے دوطرفہ تعلقات بالخصوص دفاع کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔