اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین سے قازقستان کے سفیر یرژان کِسٹافن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفاقی وزیر نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اوراس کی اہمیت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے قازقستان مسلح افواج کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کی دفاعی صنعت کی صلاحیت سے استفادہ کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے قازقستان کو ہنر مند اور نیم ہنر مند افرادی قوت سمیت ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسرار ترین نے کہا کہ پاکستان کی آئیڈیاز نمائش اس سال نومبر میں منعقد ہونے والی ہے اور اس میں قازقستان کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی توقع ہے۔قازقستان کے سفیر نے اپنے ملک اور مسلح افواج کے لیے ہر طرح کی حمایت کرنے پر وزیر کا شکریہ ادا کیا۔