وزیر صحت بلوچستان نے 7روزہ انسداد پولیو مہم کاآغاز کردیا

104

کوئٹہ۔ 26 مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر بلوچستان میں 7روزہ انسداد پولیو مہم کاآغاز کردیا ہے ۔ پیر کو صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کوئٹہ کے نواحی علاقے سرہ غوڑگئی میں پانچ سال سے کم عمرکے بچوں کو پولیو سے بچائوکے قطرے پلا کر صوبہ بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا ۔

اس موقع پر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے صوبائی کوارڈینیٹر انعام الحق قریش، ڈاکٹر آفتاب کاکڑودیگر بھی موجود تھے ۔وزیرصحت بخت محمد کاکڑ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انسداد پولیو مہم کے دوران26لاکھ60ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیاہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران11 ہزار659کے قریب ٹیمیں حصہ لیں گی،جن میں 9ہزار129 موبائل ٹیمیں،958فکسڈسائٹ او ر586ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماحول میں پولیو وائرس کی موجودگی کی وجہ سے والدین کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے ضرور پلائیں اور اس مہم میں پولیو ٹیموں کے ساتھ اپنے تعاون کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی زندگیوں سے نہ کھیلیں ،پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیوکے قطرے ضرور پلائیں، اور حفاظتی ٹیکے بھی ضرور لگوائیں۔ اگر کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ جائے تو والدین فوری طور پر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، اساتذہ اور علماکرام خصوصی طور پر اس مہم میں اپنے تعاون کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔