وزیر مملکت اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

101
APP81-08 ISLAMABAD: May 08 - Ms. Marriyum Aurangzeb, Minister of State for IB&NH talking to media. APP

اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان بہانے بنا کر پنجاب جاتے ہیں،خان صاحب پنجاب جا کر نظر تو آتا ہوگا کہ کارکردگی، لوگوں کی خدمت اور ڈویلپمنٹ کیا ہوتی ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کی نقل مارنا آپ کے بس کی بات نہیں کیونکہ آپ کا مقصد لوگوں کی خدمت نہیں، 10 ارب روپے دینے کی آفر کے الزام پر عمران خان کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے نوٹس مل جائے گا ،عمران خان کو تو بولنے کے دس ارب دینے چاہییں،جب آپ بولتے ہیں تو دوسروں کا فائدہ اور اپنا نقصان کرتے ہیں،آپ نے ملک میں کرپشن کا ٹھیکہ اٹھایا لیکن خیبرپختونخوا کے احتساب کمیشن کو تالہ لگا دیا،عمران خان نے سپریم کورٹ سے بھاگنے کے لئے سڑکوں کا انتخاب کیا، وہ اور ان کے وکلاءہر ادارے میں جا کر معافی مانگتے ہیں، پوری قوم عمران خان سے جواب کی منتظر ہے ،آپ غیر ملکی فنڈنگ ، اثاثوں کی غلط معلومات اور آف شور کمپنیوں کا جواب کب دیں گے، اب جھوٹ بولنے اور بھاگنے سے کوئی فائدہ حاصل نہ ہوگا، عمران خان کو اپنے اوپر قائم تمام کیسز کے جوابات دینا ہوں گے، عمران خان کو پارلیمنٹ پر حملے ، الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں سے اٹھنے والے سوالات کا جواب دینا ہوگا، عمران خان اپنے جھوٹ کو چھپانے کیلئے چھوٹی چھوٹی جلسیاں کر رہے ہیں کبھی سندھ کے پانی اور سڑکوں کے ٹھیکیدار بنتے ہیں ، کبھی پنجاب میں جاکر جھوٹ بولتے ہیں۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ انہوں نے کہاکہ عمران خان اور ان کی پارٹی نے ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی ہے، میڈیا پر وزیر اعظم کا بیان جاری ہو چکا ہے کہ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر میں تاخیر اور اس کی لاگت میں بدعنوانی کا حساب لیا جائے تو عقل دنگ رہ جاتی ہے، جس کاجواب دیتے ہوئے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر میں تاخیر اور اس بد عنوانی کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور وہ تمام چیزیں پکڑی جائیں گی تاہم اس وقت ایئرپورٹ کی تعمیر اولین ترجیح ہے کیونکہ کسی پراجیکٹ بھی جتنی تاخیر ہو تی ہے اتنی ہی اس کی لاگت بھی بڑھتی جاتی ہے۔