اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب سے پاکستان تحریک انصاف جرمنی کے صدر طارق جاوید نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، جرمنی میں مقیم اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،بیرون ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں نے عمر ان خان پر اعتماد کرتے ہوئے ریکارڈ ریمیٹنس پاکستان بھجوائے ، اوورسیز پاکستانی روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ،اب تک یہ اکائونٹ سوا ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے ۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر اور پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اجاگر کرنے پر طارق جاوید کی خدمات کو سراہا ۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے طارق جاوید کو جرمنی میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔