وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر سے جاپان کے پارلیمانی نائب وزیر برائے امور خارجہ کی ملاقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا

61

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر سے جاپان کے پارلیمانی نائب وزیر برائے امور خارجہ ہونڈا تارو نے یہاں وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے

ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان جاپان کو ایک قابل اعتماد ترقیاتی پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے ۔

انہوں تمام شعبوں میں پاک جاپان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لئے مزید راستے تلاش کرنے پر زور دیا۔ حنا ربانی کھر نے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے بین الاقوامی قانونی جواز اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تصفیہ طلب تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ وزیر مملکت امور خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان خوشگوار اور تعاون پر مبنی دوطرفہ تعلقات ہیں۔ دونوں اطراف نے بین الاقوامی امن اور سلامتی کے فروغ کے لئے دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔