اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت آئندہ مالی سال 2021-22ء کے بجٹ میں کسانوں اور زرعی شعبے کی بہتری اور جدید مشینری کی خریداری کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے گی۔
جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے لئے آئندہ بجٹ میں خصوصی پیکیج سے ملک میں انقلاب برپا ہوگا، زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے زرعی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ کسانوں کی زندگی آسان ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے کسانوں کو بری طرح نظرانداز کیے رکھا اور یہ شعبہ مختلف مسائل سے دوچار رہا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت شوگر ملز مافیا کی خصوصی نگرانی کر رہی ہے، مسلم لیگ (ن)کی سابقہ حکومت نے ذاتی مفادات کی خاطر کپاس کی فصل کو نقصان پہنچایا۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت موجودہ حکومت کسانوں کی خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور توجہ دے رہی ہے، پارٹی منشور کے مطابق زراعت میں اصلاحات لانے پر حکومتی اقدامات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کسان کارڈ کا اجراء زراعت میں جدت لانے کی طرف ایک اہم قدم ہے جو کہ پاکستان کیلئے ایک مثبت تبدیلی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات کو فروغ دینے کے لئے متعدد نئی منڈیاں تلاش کر رہی ہے، حکومت کی نتیجہ خیز پالیسیوں کی وجہ سے ملکی برآمدات میں 13 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے ماہ حکومت اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھ رہی ہے، مجموعی طور پر پاکستان کی معیشت صحیح راہ پر گامزن ہوچکی ہے۔