اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کارکنوں کی ملازمت کے تحفظ کیلئے میڈیا ہائوسز میں بڑے پیمانے پر اصلاحات متعارف کرا رہی ہے ۔جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)کے تحت ملک میں جدید ترین اور موثر میکنزم متعارف کرانا حکومتی ایجنڈے کا حصہ ہے، بلاشبہ پیمرا اپنی ذمہ داریاں موثر طریقے سے نبھا رہا ہے، میڈیا ہائوسز میں کام کرنے والے ورکروں کی تنخواہوں سمیت دیگر مسائل کیلئے ایک میکنزم تیار کرنے کی ضرورت ہے حکومت میڈیا کارکنوں اور مالکان کے درمیان تعلقات میں بہتری لائے گی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ ملک کی ڈیجیٹل میڈیا انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے ، ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ پالیسی اور اس کی نگرانی کی اشد ضرورت ہے جس سے ملکی معیشت بہتر بنانے میں مزید مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام محکموں کو ڈیجیٹلائز کرنا چاہتی ہے تاکہ تمام امور کو آسان بنایا جاسکے ۔ سوشل میڈیا کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ یوٹیوب ، فیس بک اور واٹس ایپ کی رجسٹریشن کا ایک باضابطہ معیار طے کرے گی صرف ان کے قائرین کی تعداد بنیاد پر اسے اشتہار نہیں دیے جاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیوب واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل چینلز کے پاس کوئی مناسب دفاتر موجود نہیں ہیں جو معیار اور توازن برقرار رکھتے ہوئے مناسب طریقے سے انہیں چلا سکے ، حکومت ذرائع ابلاغ کے مسائل کو دور کرنے کے لئے ‘میڈیا اتھارٹی آفسز کو توسیع دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں صحافیوں کی تنخواہوں کی ادائیگیوں کو یقینی بنانے کیلئے قانون سازی کی جائے گی تاکہ ادائیگیوں میں تاخیر کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے۔