اسلام آباد ۔ یکم جون (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات،نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نہال ہاشمی کا بیان ان کی انفرادی سوچ کا عکاس ہے‘ وزیراعظم نواز شریف نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایک ہی دن میں نہال ہاشمی کی نہ صرف پارٹی رکنیت معطل کی بلکہ ان کو سینیٹر شپ سے بھی مستعفی ہونے کے احکامات جاری کیے‘ سیاسی جماعتوں کی تاریخ میں ایسا کبھی بھی دیکھنے کو نہیں ملا کہ ایک ہی دن میں کسی کی پارٹی رکنیت بھی معطل کر دی گئی ہو اور دیگر عہدوں سے بھی استعفیٰ مانگ لیا گیا ہو جسے سراہنا چاہیئے تھا‘کسی بھی حکومت کے بارے کسی آئینی ادارے کی طرف سے اس طرح کے ریمارکس کا آنا انتہائی افسوسناک ہے‘پاکستان مسلم لیگ (ن) آئین اور قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور تمام آئینی اور قانونی اداروں کا احترام کرتی ہے، حکومتی ترجمان کے بیان میں ایک معزز جج کے ریمارکس پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے‘ نہال ہاشمی کی ویڈیو چلنے کے فوری بعد میرا بیان آیا کہ یہ نہال ہاشمی کا ذاتی بیان ہے، جس کا پاکستان مسلم لیگ (ن)، شریف فیملی اور حکومت سے کوئی تعلق نہیں، ان کا یہ بیان نہایت غیر مناسب اور افسوسناک ہے‘ عمران خان کی سیاست شروع دن ہی سے اسی بنیاد پر ہے کہ دوسروں پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگاﺅ اور جب اپنے سے سوال ہو تو معزز اداروں کو گالی دو اور ان کا جواب تک نہ دو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔