وزیر مملکت حنا ربانی کھر سے اقوام متحدہ کے شعبہ برائے امن آپریشنز کے انڈر سیکرٹری کی ملاقات

214

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر سے اقوام متحدہ کے شعبہ برائے امن آپریشنز کیلئے انڈر سیکرٹری جنرل جین پیئر لاکروکس نے منگل کو دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے کئی دہائیوں کے دوران سب سے زیادہ فوجی تعاون فراہم کرنے والے ممالک میں سے ایک کی حیثیت سے پاکستان کے منفرد کردار اور شراکت کو اجاگر کرتے ہوئےاقوام متحدہ کی قیام امن کے لئے کوششوں میں پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا جس میں امن قائم کرنے اور قیام امن میں صنفی نقطہ نظر کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

انہوں نے سیاسی عمل کو آگے بڑھانے، امن فوجیوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے اور اختیار کے مطابق مناسب وسائل کی فراہمی کے ذریعے امن قائم کرنے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے اور بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر مملکت نے کہا کہ بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کی طرف سے کیا گیا اہم کام تنازعہ جموں و کشمیر کے تناظر میں اقوام متحدہ کے عزم اور اس تنازعہ کے پرامن حل کے اعتراف کی علامت ہے۔

معزز مہمان نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا اور پاکستانی امن دستوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دیتے ہوئے بے پناہ قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ امن مشن کی کارکردگی اور اقوام متحدہ کے مشن کی کامیابی کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔

وزیر مملکت نے کثیرالجہتی تعاون کے ساتھ پاکستان کی مضبوط وابستگی پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشن کے ڈھانچے میں اصلاحات اور استحکام کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔قائم مقام سیکرٹری خارجہ جوہر سلیم نے معزز مہمان کو ورکنگ لنچ بھی دیا۔