اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے جمعرات کو یہاں وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے حنا ربانی کھر کو وزیر مملکت برائے خارجہ امور کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ دونوں ملک باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے مبارکباد پر برطانوی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو باہمی احترام اور وسیع علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر یکساں تصورات پر مبنی ہیں۔
وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے پاکستان میں صحت، تعلیم، گورننس اور انسانی وسائل کی ترقی کے فروغ میں برطانوی حکومت کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے دوطرفہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو شایان شان طریقے سے منانے پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات کے علاوہ ابھرتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں وکشمیر اور افغانستان سمیت علاقائی امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے یوکرین کے جاری بحران کے معاشی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا اور سفارت کاری اور پرامن ذرائع سے معاملے کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر مملکت برائے خارجہ امور کا شکریہ ادا کیا اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اپنی نیک خواہشات اور گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔