اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ مردان پولیس نے طالب علم کے قتل کے واقعہ میں ملوث 22 افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں سے 6 یونیورسٹی ملازمین ہیں، تعلیم و تربیت کے پورے نظام کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ پیر کو ایوان بالا میں مردان واقعہ پر بحث سمیٹتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا کہ صوبائی پولیس نے واقعہ کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔ پولیس نے ایک طالب علم کو مجمع سے بازیاب کرایا اور ہسپتال پہنچایا، ایک طالب علم کی لاش ہاسٹل سے برآمد کی گئی۔ پولیس اور مجمع میں بعد ازاں تصادم بھی ہوا، پولیس نے کئی لوگوں کو گرفتار کیا، 20 نامزد افراد میں سے 16 کو گرفتار کیا، مزید 12 کی شناخت کرلی گئی ہے جن میں سے 6 کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار کئے گئے 22 افراد میں سے 6 یونیورسٹی ملازمین ہیں، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، یہ بڑا بدقسمت واقعہ ہے۔