وزیر مملکت برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کا جی پی او میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

84
APP13-13 ISLAMABAD: November 13 - Minister of State for Communications & Postal Services Murad Saeed addressing during launching ceremony of “Same Day Delivery Service in Major Cities of Pakistan and Delivery of Electronic Money Order (EMO) at the door step” at GPO. APP photo by Saleem Rana

اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ ملک بھر کے13ہزار ڈاکخانے اور 43 ہزار ملازمین پاکستان کے قومی خزانے میں سالانہ 100 ارب روپے ریونیو جمع کروائیں گے، ڈیجیٹل پوسٹل کے تحت آن لائن (ای منی آرڈر) 50ہزار روپے تک رقوم کی ترسیل اسی روز گھرکی دہلیز پر پہنچانے کی سہولت شروع کردی گئی ہے۔ ان خیالات کااظہار مراد سعید نے منگل کو جی پی او اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ ڈاک میں گزشتہ حکومتوں نے لوٹ مار کی اور جان بوجھ کر اسے تباہ و برباد کیاگیا جس سے اس محکمے کا سالانہ خسارہ 10 ارب تک پہنچ گیا، وزیر اعظم عمران خان نے ہمیں یہ سیکھایا کہ اداروں کی صحیح سمت کا تعین کیا جائے اور کچھ کرنے کی لگن کو جگایا جائے تو کوئی کام ناممکنات میں سے نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں جتنا بڑا نیٹ ورک محکمہ ڈاک خانہ جات کے پاس ہے کسی دوسری سروس کے پاس نہیں، 13ہزار ڈاکخانے ملک کے طول وعرض میں پھیلے ہوئے ہیں جس کے 43 ہزار ملازمین چائنہ بارڈر کے ساتھ آخری گاﺅں سے لے کر دیگر دیہی اور شہری علاقوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دو ہفتوں میں ہم نے محکمے کے اندر دو سروسز کاآغاز کیا تو ریونیو میں 58 ملین روپے کااضافہ ہوا۔