وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا گلوبل ڈویلپمنٹ ورکشاپ سے خطاب

47
وزارت موسمیاتی تبدیلی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 23 میاواکی اربن جنگلات قائم کرے گی جس سے شہر کے سرسبز رقبے میں نمایاں اضافہ ہوگا،وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل
وزارت موسمیاتی تبدیلی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 23 میاواکی اربن جنگلات قائم کرے گی جس سے شہر کے سرسبز رقبے میں نمایاں اضافہ ہوگا،وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل

اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی)وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ سابقہ ادوار میں تعلیمی اداروں، ماحولیاتی ماہرین اور حکومتوں کے مابین موثر رابطہ کاری نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کے اقدامات کو نقصان پہنچا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی تحقیق کے اداروں کی جانب سے منعقدہ گلوبل ڈویلپمنٹ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آفات کے خطرات میں اضافہ اور خطے پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کی روک تھام کے لئے متاثر کن تحقیق نہیں کی جا سکی ہے، اس حوالے سے محققین، ماہرین اور ماحولیاتی سائنسدانوں کا کردار بہت اہم ہے۔ زرتاج گل نے کہا کہ سابقہ حکومتوں میں گلوبل وارمنگ کے سنگین خطرات سے نمٹنے کے لئے جدید طریقہ کار اور تحقیق پر توجہ نہیں دی گئی، اگر کوئی ریسرچر اس حوالے سے کام کرنا چاہتا بھی تھا تو سرکاری اداروں کی عدم دلچسپی کے باعث نئی اختراعات کو فروغ نہیں دیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ماہرین اور پالیسی سازوں کو ایک پلیٹ فارم پر لاتے ہوئے ایک منفرد اور کثیر الشراکتی طریقہ کار کے ذریعے تعلیم و تحقیق کے اداروں اور حکومت کے مابین رابطہ کاری بڑھانے پر توجہ دی ہے، حکومت خطے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے تمام تحقیقی سرگرمیوں اور نئے تصورات کی حمایت کرتی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ برطانوی تنظیموں کی معاونت سے منعقدہ یہ ورکشاپس پائیدار ترقیاتی اہداف اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبہ میں پیش رفت کے لئے معاون ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ان پانچ عالمی رہنماﺅں میں شامل ہیں جو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات اور ان سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے بارے میں بات کرتے ہیں۔