اسلام آباد ۔ 09 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان تصفیہ طلب مسئلہ کشمیر کا مذاکرات کے ذریعے پرامن حل چاہتا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے امن کے فروغ کے پیغام کو بہت زیادہ سراہا جا رہا ہے جس کے تحت انہوں نے گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا بھی کیا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے اور معصوم و نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر رہا ہے، مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں جس کا عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو نوٹس لینا چاہیئے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی کی پرامن تحریک کو جاری رکھے ہوئے ہیں، کشمیریوں کی اپنے بنیادی حق حق خود ارادیت کے لیے دی جانے والی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی، پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حق خود ارادیت کی پرامن تحریک آزادی کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسئلہ کشمیر جلد حل ہو جائے گا۔