وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد کا قومی صوفی امن کانفرنس سے خطاب

50

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہیں، حکومت نے تمام تعلیمی اور دیگر اداروں کے لئے نبی پاک ﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبین لکھنا لازمی قرار دیا ہے، عربی زبان کو تعلیمی اداروں میں لازمی قرار دینے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افکارِ صوفیا ٹرسٹ کے زیر اہتمام قومی صوفی امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس کی صدارت پیر غلام محمد قادری محمودی خلیفہ مجاز دربار غوث اعظم بغداد نے کی جبکہ ورلڈ کشمیر فورم کے چیئرمین حاجی محمد رفیق پردیسی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ کانفرنس میں ملک بھر سے علما مشائخ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کی میزبانی افکارِ صوفیا ٹرسٹ کے چیئرمین علامہ محمود احمد تبسم نے کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد نے کہا کہ حکومت پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہیں، حکومت نے تمام تعلیمی اور دیگر اداروں نبی پاک ﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبین لکھنا لازمی قرار دیا ہے،عربی کو تعلیمی اداروں میں لازمی قرار دینے کیلئے بھی اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علما مشائخ نے پاکستان کے قیام میں جو کردار ادا کیا اسکی مثال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں اور فلسطینوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، اسرائیل کو تسلیم کر نے کا سوال نہیں پیدا ہوتا۔ کانفرنس کا اختتام درودوسلام، اور استحکامِ پاکستان اورکشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا۔