وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان کا نوجوانوں کے اجتماع سے خطاب

103
وزیر اعظم نوجوانوں کے مستقبل پر بہت توجہ دے رہے ہیں،ای کامرس کے ذ ریعے نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کو روز گار فراہم کیا جا رہا ہے جس کیلئے حکومت نے انقلابی کامیاب جوان پروگرام شروع کیا ہے،وزیر مملکت علی محمد خان

اسلام آباد۔ 17 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان نے کہا ہے کہ تعلیم کو عام کر کے اور نوجون نسل کا رشتہ کتاب سے جوڑ کر اقبالؒ کے فلسفہ خودی کو سمجھا جا سکتا ہے، ہمیں اپنے نظام تعلیم کو اس طرز پر ڈھالنا ہو گا جو ہماری آنے والی نسلوں کونبی کریم حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کرائے،اقبال سے ملائے اور قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار سکھائے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو یہاں ”ایوان اقبال“ فاطمہ جناح پارک میںپازیٹو پاکستان فاونڈیشن کے زیر اہتمام یوم اقبال کے حوالے سے”خودی کو کر بلند“ کے عنوان سے نوجوانوں کے اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اقبال نے ہمیشہ قرآن سے رہنمائی لی لیکن بد قسمتی سے آج قرآن اور اسلامی تعلیمات سے دوری نے ہمیں ان اعلیٰ معاشرتی اقدار سے دور کر دیا ہے جو کبھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہوا کرتی تھیں۔انھوں نے کہا کہ نوجوان معاشرے کا وہ طبقہ ہوتا ہے جسے بہترین تعلیم اور تربیت فراہم کر کے ہم ملک کو اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر سکتے ہیں اس کے لئے ہمیں کتاب سے نوجوان کا رشتہ مضبوط کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،کتاب آپ کو اپنے ہم عصروں میں ممتاز بنا دیتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلام کی عظمت رفتہ لانے اور تقدیر امم کے جاننے کے لئے قرآن سے رہنمائی لینا ہوگی۔وزیر مملکت نے نوجوانوں میں تعمیری سوچ پیدا کرنے کے لئے پازیٹو پاکستان فاونڈیشن کی کوششوں کو سراہا۔