اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت ریلوے بلال اظہر کیانی سے ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن(آئی ایف سی) کے حکام کے مشترکہ وفد نے ملاقات کی جس کے دوران ورلڈ بینک اور آئی ایف سی نے پاکستان ریلوے کو جدید بنانے کےلئے اصلاحات میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
ورلڈ بینک کے ریجنل ڈائریکٹر پنکج گپتا کی سربراہی میں وفد ورلڈ بینک کے پروگرام لیڈر محمد انیس اور آئی ایف سی کی کنٹری پرنسپل افسر ناز خان پر مشتمل تھا۔ اس موقع پر وزیر مملکت بلال اظہرکیانی نے کہا کہ ریلوے کو جدید بنانا اور بہترین سفری خدمات کی فراہمی وزیراعظم شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے ، ریلوے کی ترقی معیشت کی رفتار تیز کرنے میں بھی مدد دے گی۔
وفد نے بلال اظہر کیانی کو ریلوے انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات اور بہتری کے لئے مختلف تجاویز پر بریف کیا ۔ ملاقات میں پاکستان ریلوے کی بہتری وترقی کے لیے تجاویز اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔