اسلام آباد ۔ 27 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات زرتاج گل نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر ایک خوبصورت علاقہ ہے اور وہاں پر کشمیر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے بلین ٹری لگائے جائیں گے جس کی سو فیصد فنڈنگ وفاقی حکومت کرے گی، باقی صوبوں کو اس منصوبے کے تحت پچاس فیصد وفاقی حکومت جبکہ پچاس فیصد فنڈنگ وہ خود کریں گے لیکن آزاد کشمیر کی خصوصی حیثیت کی وجہ سے اسے بلین ٹری کے لئے سو فیصد فنڈنگ وفاقی حکومت کرے گی۔بھمبر میں نیشنل پارک جبکہ وادیءنیلم میں ہرن پارک بنایا جائے گا۔ آزاد کشمیر کو سرسبز و شاداب بنایا جائے گا جو دنیا کا خوبصورت ترین خطہ ہے اس پارک میں جانوروں کی صحت کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں وزارت ماحولیات اسلام آباد میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم آزاد کشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ وہ بلین ٹری منصوبے کے لئے آزاد کشمیر میں سوفیصد فنڈنگ کرکے آزاد کشمیر کو سرسبز و شادات اور یہاں کی ما حولیات کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔تاہم وفاقی حکومت اس سلسلے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے کہ درخت صحیح لگ رہے ہیں اور وہاں پر دور دراز علاقوں میں بجلی نہ ہونے کے باعث لوگ درخت کاٹنے پر مجبور ہیں، میں نے اپنے دور حکومت میں آزاد کشمیر میں درخت کاٹنے پر پابندی عائد کی تھی۔ لیکن اگر یہ درخت کرپشن اور لوگوں کی مقامی ضروریات کے پیش نظر کاٹے گئے تو شاید سرسبز و شادات کشمیر کا خوب پورا نہ ہو سکے۔پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اس طرح کا منصوبہ آزاد کشمیر حکومت اپنی کرپشن کی وجہ سے شروع نہ کر سکی۔ میں وفاقی حکومت کا شکر گزار ہوں کہ وہ بلین ٹری منصوبے کے ساتھ ساتھ بھمبر میں نیشنل پارک اور وادیءنیلم میں ہرن پارک کے منصوبے بھی شروع کر رہے ہیں جس سے جہاں آزاد کشمیر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا وہاں مقامی آباد کی حالت زار میں بھی بہتری ہو گی۔