وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

82

اسلام آباد ۔ 17 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ وفاق سندھ پر قبضہ کرنا چاہتا ہے اور نہ ہی 18ویں ترمیم کو کوئی خطرہ ہے، سندھ حکومت کی کارکردگی زیرو ہے، وہ اپنی نااہلی اور بدعنوانی کو چھپانے کیلئے نامناسب بیان بازی کر رہی ہے، اپوزیشن کا حکومت گرانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اس کی حالت دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، شہر میں بارشوں سے اموات معمول بن گئی ہیں، پیپلزپارٹی گزشتہ کئی دہائیوں سے سندھ میں حکومت کر رہی ہیں لیکن اس نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی کام نہیں کئے اور لوگ آج بھی بنیادی حقوق اور سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جب بارشوں سے لوگ مر رہے تھے تو وزیراعلی سندھ اور بلاول بھٹو زرداری وہاں پر نہیں تھے اور نہ ہی انہوں نے عوام کا حال جاننے کیلئے دورہ کیا، پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں کو چاہیے تھا کہ مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے رہتے لیکن اس کے بجائے بلاول بھٹو پنجاب میں سیاست بچاﺅ مہم کیلئے نکلے ہوئے تھے۔ وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کی باتیں کرتی ہیں جبکہ دوسری جانب سندھ حکومت نامناسب بیان بازی کر رہی ہے، وفاقی حکومت 18ویں ترمیم کو نہیں چھیڑ رہی لیکن سندھ حکومت بتائے کہ انہیں وفاق سے جو صحت کیلئے بجٹ ملتا ہے وہ کہاں گیا، صوبے میں ادویات نہیں ہیں۔ زرتاج گل نے کہا کہ کرپشن کرنے والے ہمیشہ اکٹھے ہو جاتے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے قائدین بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ اور بدعنوانیوں میں ملوث رہے ہیں انہیں قوم کے پیسوں کا حساب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کہتی تھیں کہ ان کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں لیکن ان کی لندن اور پاکستان میں جائیدادیں نکل آئی ہیں، نیب نے جب تحقیقات کیلئے انہیں بلایا تو جواب دینے کی بجائے انہوں نے قومی ادارے پر پتھراﺅ کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا حکومت گرانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئی ہے اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن جماعتیں انتخابات پر یقین ہی نہیں رکھتیں، یہ ہمیشہ چوردروازے سے آتے ہیں اسلئے وعدوں اور یقین دہانیوں کی باتیں کرتے ہیں، مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف بتائیں کہ انہیں کس نے یقین دلایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف 10 سال تک پنجاب کے وزیراعلی رہے اور جب ان کی حکومت ختم ہوئی تو وہ پنجاب کو 9 کھرب اور 53 ارب روپے کا مقروض چھوڑ کر گئے، اس دوران ان کے اور ان کے بچوں کے اثاثوں میں اضافہ ہوا ہے، انہیں نیب کے سامنے اپنی بدعنوانیوں کا جواب دینا ہو گا۔