وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کا پریس کانفرنس سے خطاب

165
APP68-05 ISLAMABAD: December 05 - Minister of State for CADD, Dr. Tariq Fazal Chaudhry and PML-N MNA, Daniyal Aziz addressing a press conference at PID Media Centre. APP photo by Irshad Sheikh

اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور رہنما مسلم لیگ (ن) و رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ہم پر لگائے گئے الزامات کے ثبوت پیش نہیں کر سکی اور دفاع میں جمع کرائے گئے کاغذات لے کر عوام کو گمراہ اور ملک و قوم کا وقت ضائع کر رہی ہے، عمران خان کی طرف سے جو جواب سپریم کورٹ میں داخل کیا گیا وہ ان کے اپنے پارلیمنٹ میں دیئے گئے بیانات اور ان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان کے ٹویٹ پیغام اور پاور آف اٹارنی کی تحریروں میں تضاد ہے، جہانگیر ترین نے اپنے باورچی اور مالی کو کاروبار کا مالک ظاہر کر دیا ہے، عمران خان کو اب جواب دینا پڑے گا اور تلاشی دینا پڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماﺅں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سب سے پہلے میں قوم کو دیامر بھاشا ڈیم کی وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے دی جانے والی فنانشل منظوری پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ منصوبہ 2009ءمیں شروع ہوا لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا، موجودہ حکومت کے اس دور میں اس منصوبہ کیلئے اراضی کی خریداری اور دیگر فزیبلٹی ورک کی منظوری اور عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت اس اربوں روپے مالیت کے منصوبہ کیلئے ہر سال فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ دیامر بھاشا ڈیم سے 450 میگاواٹ بجلی ملے گی اور 6.4 ملین ایکڑ آبپاشی کیلئے پانی دستیاب ہو گا، اس اہم سنگ میل طے کرنے پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔