سرگودھا ۔ 03 جولائی (اے پی پی):وزیرا علیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برا ئے سیاسی امور ذیشان عاشق ملک نے کوآرڈنیٹر ستھرا پنجاب پروگرام عاصم محمود کے ہمراہ میانوالی کادورہ کیا، ڈی سی آفس کمیٹی روم میں محرم الحرام کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی اور عاشورہ محرم کے جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر چیئرمین ما نیٹر نگ کمیٹی سابق ایم پی اے ملک فیروز جوئیہ، کمشنر سرگودھا ڈویژن جہا نزیب اعوان، آر پی او سرگودھا ریجن محمد شہزاد آصف خان بھی ان کے ہمرا ہ تھے۔ معاون خصوصی نے میانوالی شہر میں وادی اسلا م کا دورہ کیااور عاشورہ محرم کے مرکزی جلوس کے روٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ اور ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ رائے محمد اجمل نے انہیں جلوس کے انتظامی و سکیورٹی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
معاون خصوصی نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر ہر قسم کے ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائے جبکہ ڈی پی او کو ضلع بھر کے جلوسوں و مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کر نے کی ہدایت کی۔ بعدازاں معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان عاشق ملک نے پو لیس لائنز میانوالی میں سیف سٹی کنٹرول روم اور سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کیلئے قائم خصوصی سیل کا بھی دورہ کیا اور عاشورہ محرم کے جلوسوں کی سکیورٹی پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن (ر) رائے محمد اجمل نے انہیں بریفنگ دیتے ہو ئے بتایا کہ ضلع بھر میں نگرانی کیلئے مجموعی طور پر180سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جبکہ محرم کے دوران میانوالی پولیس سوشل میڈیا کی سختی سے ما نیٹر نگ کررہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف اب تک15 ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں۔
اس موقع پر معاون خصوصی نے سیف سٹی پراجیکٹ پر اطمینان کا اظہار کیا ۔