وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا پی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال

108

اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے 27 اکتوبر کو کشمیریوں کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا ہے کیونکہ آج سے 69 سال قبل اسی روز بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوج تعینات کی تھی، جمعرات کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سمیت عالمی برادری سے کیے گئے تمام معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کرتے ہوئے انہیں ان کے حق خود ارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہیں، بھارتی افواج مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر رہے ہیں اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر ہے ہیں، انہوں نے کہا بھارت مقبوضہ وادی میں اپنی آٹھ لاکھ سے زائد مسلح فوج تعینات کرنے کے باوجود مقبوضہ کشمیر کو اس کا اندرونی معاملہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے کیونکہ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے لیے سرگرم عمل ہیں اور اس پرامن تحریک آزادی میں گذشتہ 69 سال سے لازوال قربانیاں بھی پیش کر رہے ہیں جو رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیریوں کو ان کا حق خود رادیت مل کے رہے گا