اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی خطاب میں کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کر کے کشمیر کا سفیر ہونے کا حق ادا کر دیا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان نے فاشسٹ مودی کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر کے رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سید علی گیلانی کی میت کے معاملے کو بھی بھرپور انداز سے اٹھاکرکشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں اور بھارتی مظالم پر عالمی برادری کے دوہرے معیار کا تذکرہ کر کے عالمی ضمیر کو بھی جھنجھوڑا ہے، کشمیر کے سفیر وزیراعظم عمران خان نے آر ایس ایس کے ہندوتوا نظریے اور بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کو بھی بے نقاب کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی سے خطاب سے مسئلہ کشمیر پر عالمی حمایت میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے پر وزیراعظم پاکستان کے شکرگزار ہیں۔