مظفر آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کشمیری عوام سے یکجہتی کے لئے مظفر آباد آمد پر وزیراعظم عمران خان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ کشمیریوں کی قربانیوں اور آپ کی کاوشوں سے آج پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر اجاگر ہوا ہے اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے بھارت کے خلاف چارج شیٹ جاری کی ہے۔ جمعہ کو مظفر آباد میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پوری مقبوضہ وادی میں 40 دن سے زائد عرصہ سے کرفیو ہے اور پورا کشمیر اوپن ایئر جیل بن گیا ہے۔ ہمیں اپنی بہنوں، بیٹیوں اور بھائیوں کی کوئی خبر نہیں۔ مواصلاتی رابطے منقطع کر دیئے گئے ہیں اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ اور حضرت امام حسینؓ کی قربانی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ہم ظلم کے آگے نہیں جھکیں گے اور کشمیری عوام کی جدوجہد رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دلایا کہ آزاد کشمیر کے عوام اپنا فرض ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر آزاد کشمیر کے عوام سیز فائر لائن عبور کرنا چاہتے ہیں۔