لاہور۔5اپریل (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان منگل کے روز ایک روزہ دورہ پر لاہور پہنچے ،گورنر ہائوس لا ہور میں ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ اس مو قع پر 193پی ٹی آئی ارکارن نے چوہدری پرویزالہی کی پنجاب اسمبلی میں بطور لیڈر آف دی ہائوس نامزدگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی مشکل وقت آتا ہے تو آپ کو لو گوں کی پہچان ہوتی ہے کہ کون آپ کے ساتھ اور کون آپ کے ساتھ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی عثمان بزدار نے عاجزی،انکساری اور شبانہ روز محنت سے ساڑھے تین سال گزارے اور مشکلات کا سامنا کیا ، وقت ثابت کرے گا کہ وزیراعلی کی کارکردگی بہترین تھی ، میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میری نظر میں ان کا قد بڑھ گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پانچ چھ ماہ سے بیرو نی سازش کا پلان بن رہا تھا اور یہاں کے کھلاڑی اس کا حصہ تھے ، مجھے خوشی ہے کہ پارٹی کے لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ، اس مر تبہ پارٹی ٹکٹ دیتے ہوئے خود دیکھوں گا ، مجھے خوشی ہے کہ میری ٹیم ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے خواتین ممبران اسمبلی کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان تیزی سے بدل رہاہے ، حلقوں کی سیاست بھی بدل گئی ہے اور اب سب قومی غیرت اور خودداری کی بات کر رہے ہیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چوہدری پرویزالہی کو پورا یقین دلاتا ہوں کہ پارٹی آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور آپکو کامیاب کروائے گی ۔ اس موقع پر وزیراعلی عثمان بزدار نے چوہدری پرویزالہی کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ چوہدری پرویزالہی نے وزیراعظم اور پی ٹی آئی کا بھرپور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وقت ثابت کرے گا کہ یہ ایک اچھا فیصلہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ باہمی اشتراک سے دونوں جما عتوںکو تقویت ملے گی ، پی ٹی آئی حکومت نے پنجاب اسمبلی میں ریکارڈ قانون سازی کی اور ختم نبوت سمیت قرآن مجید کی تعلیم لازمی قراردی گئی ۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزرا ءشاہ محمود قریشی، پرویز خٹک ، شفقت محمود اورگورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔