وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

93
APP61-19 ISLAMABAD: February 19 - Prime Minister Shahid Khaqan Abbasi addressing in National Assembly. APP

اسلام آباد۔19 فروری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئین میں تمام اداروں کی حدود کا تعین موجود ہے، انہیں ان حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔ منتخب نمائندوں کو عدالتوں میں چور، ڈاکو اور مافیا کہا جاتا ہے۔ پارلیمنٹ کے بنائے ہوئے قانون کو ختم کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ جب بھی تاریخ میں ایسا ہوا تو اس کا نقصان ملک کو ہوا۔ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا معاملہ ایوان میں زیر بحث لایا جانا چاہئے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تمام ارکان نے آئین کے دفاع کا حلف اٹھایا ہے، اسپیکر اور میں نے دو دو دفعہ حلف لیا ہے جو اس ایوان میں بیٹھے ہیں وہ 20 کروڑ 70 لاکھ عوام کے نمائندے ہیں۔ عدالتوں میں کبھی منتخب نمائندوں کو چور، ڈاکو اور مافیا کہا جاتا ہے اور کبھی یہ دھمکی دی جاتی ہے کہ جو قانون پارلیمنٹ نے بنایا ہے اس کو ختم کرلیں گے۔ یہ اخباری خبریں ہیں، دعا ہے کہ یہ غلط ہوں۔ اس ایوان میں جو لوگ بیٹھے ہیں کیا ان کو قانون بنانے کا حق نہیں۔ آئین میں تمام اداروں کی حدود کا تعین موجود ہے۔ انہیں ان حدود میں رہنا ہوگا۔ جب بھی تاریخ میں ایسا ہوا ملک کا نقصان ہوا۔ اس معاملے پر ایوان میں بحث ہونی چاہئے۔