وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو

113
APP80-21 NEW YORK: September 21 – Prime Minister Shahid Khaqan Abbasi addresses the General Debate of the 72nd Session of the UN General Assembly at UN Headquarters. APP

نیویارک ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ امریکہ کا دورہ بہت مثبت رہاہے، پاکستان کا موقف بڑے موثر انداز میں پیش کیا، کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا موقف بھرپور طریقے سے اجاگر کیا، امریکی صدرسے عشائیہ پر غیر رسمی ملاقات ہوئی، مختلف ملکوں کے سربراہان سے ملاقاتیں ہوئیں، پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کو دنیا نے تسلیم کیا ہے، افغانستان میں جنگ کے ذریعے امن ممکن نہیں، افغان عوام کو خود بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالنا ہو گا۔ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہر جگہ پاکستان کے موقف کو بڑے موثر انداز میں پیش کیا ہے، خطے کی صورتحال کے حوالے سے درست موقف پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر اپنا موقف بھرپور طریقے سے پیش کیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو کشمیریوں پر مظالم کا ڈوزیئر پیش کیا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات اور جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیر کا مسئلہ بھرپور انداز سے اٹھایاہے۔