وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی وفاقی وزراءکو ان کی متعلقہ وزارتوں کے امور کار کے حوالے سے ہدایات

98

وزیر اعظم کی وزراءکو تندہی سے کام کرتے ہوئے تمام جاری منصوبہ جات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر نے کی ہدایت ، کام کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے، شاہد خاقان عباسی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی وفاقی وزراءکو ان کی متعلقہ وزارتوں کے امور کار کے حوالے سے ہدایات

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی وزراءکو ان کی متعلقہ وزارتوں کے امور کار کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ تندہی سے کام کرتے ہوئے تمام جاری منصوبہ جات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں جبکہ کام کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ ایوان وزیراعظم کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی وزراءکو ان کی متعلقہ وزارتوں/ڈویژن سے متعلق فرائض کی ادائیگی کیلئے کسی بیرونی سفر کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وزراءایسے کسی سرکاری سفر کی صورت میں وزیراعظم آفس کو صرف اس کی تاریخوں سے آگاہ کریں۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ وفاقی وزراءکو وزرائے مملکت اور اپنے ماتحت وزارتوں/ڈویژنز/ملحقہ محکموں اور خودمختار اداروں میں کام کرنے والے تمام افسران کے حوالے سے اس ضمن میں اجازت دینے کے مکمل اختیارات حاصل ہوں گے تاہم پالیسی معاملہ کے طور پر وفاقی وزیر اور وفاقی سیکریٹری ناگزیر صورت کے علاوہ بیک وقت بیرون ملک سفر نہیں کریں گے اور ایسی ناگزیر صورت میں وزیراعظم کو سفر سے پہلے آگاہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تمام وفاقی وزراءاور وزرائے مملکت کو ہدایت کی کہ وہ محنت اور مستعدی سے کام کریں اور تمام جاری منصوبہ جات کو نہایت شفافیت اور کام کے معیار کو یقینی بناتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں۔