مکہ مکرمہ۔30اپریل (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نےپاکستانی وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی،وزیر اعظم کیلئے خانہ کعبہ کے دروازے کھول دیئے گئے۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عمرہ کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے زیارتِ خاص کے بعد حجرِ اسود کو بوسہ دیا اور طوافِ کعبہ کیا اور ملک کی ترقی،خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی،تین روزہ سعودی عرب کے دورہ کے موقع پر ہفتہ کو عمرہ کی ادائیگی کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے زیارتِ خاص اور طوافِ کعبہ کی ادائیگی کے بعد صفہ اور مروہ کے درمیان سعی کی۔
وزیرِ اعظم نے سعیِ صفہ و مروہ کی ادائیگی کے ساتھ ہی عمرہ کی تکمیل کے بعد ملک و قوم اور مسلم اُمہ کی سلامتی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں کیں۔وزیر اعظم تین روزہ دورہ سعودی عرب کے دوران مدینہ منورہ اور جدہ میں دودن گزارنے کے بعد ہفتہ کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مکہ مکرمہ روانہ ہوئے اور وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے مدینہ منورہ میں قیام کے دوران دو مرتبہ روزہ رسول صلی اللہ و علیہ وسلم پر حاضری دی، ریاض الجنتہ میں نوافل ادا کیے، جمعتہ الوداع کی نماز مسجد نبوی میں ادا کی، ملکی سلامتی، ترقی اور سماجی خوشحالی کے لیے دعائیں مانگیں۔جدہ میں وزیر اعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہزین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ محمدآصف، احسن اقبال، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں، منصب وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے