وزیراعظم شہباز شریف کا ارشد شریف کے ساتھ پیش آنے والے اندوہناک واقعہ کی اعلیٰ عدالتی کمیشن سے تحقیقات کرانے کا اعلان

216

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کینیا میں سینئر صحافی ارشد شریف کے ساتھ پیش آنے والے اندوہناک واقعہ کی اعلیٰ عدالتی کمیشن سے تحقیقات کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کے حقائق قوم کے سامنے لائیں گے، یقین دلاتا ہوں کہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں گی۔

منگل کو اپنے وڈیو پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ کینیا میں سینئر صحافی ارشد شریف کے ساتھ جو اندوہناک واقعہ پیش آیا وہ انتہائی قابل مذمت ہے، پاکستان کے عوام ان کی موت پر انتہائی افسردہ ہیں اور اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے ،کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سعودی عرب روانہ ہونے سے پہلے میں نے کینیا کے صدر سے خود بات کی اور ان سے گزارش کی کہ واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ ہمیں فوراً بھجوائیں اور میت فوری پاکستان بھجوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

کینیا کے صدر نے مجھے پورا یقین دلایا کہ اس ضمن میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، کینیا کے صدر نے اس واقعہ پر اظہار ہمدردی بھی کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس واقعہ کی اعلیٰ عدالتی کمیشن سے شفاف تحقیقات کرائی جائیں گی اور اس کیلئے ہائی کورٹ کے جج کیلئے درخواست کریں گے، اس فیصلہ کی کابینہ سے بھی توثیق کرائی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ واقعہ ہم سب کیلئے قابل افسوس ہے، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ اس کی شفاف تحقیقات ہوں گی اور حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے