وزیراعظم شہباز شریف کا امیر قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی کو ٹیلی فون، عیدالاضحیٰ کی مبارکباد اور نیک تمنائوں کا اظہار

92

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی کو ٹیلی فون کیا،عیدالاضحیٰ کی مبارک دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق امیر قطر نے وزیراعظم اور پاکستان کے عوام کو عیدالاضحیٰ کی مبارک اور خیرسگالی کے گرمجوش جوابی جذبات کا اظہارکیا۔دونوں قائدین نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ بہترین تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

قائدین نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ سیاسی و معاشی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔دونوں قائدین نے قریبی رابطہ استوار رکھنے اور مشترکہ مفادات کے تمام امور پر مل کر کام کرنے سے اتفاق کیا۔ مشترک عقیدے، ہم آہنگی اور مشترکہ مفادات پر مبنی قطر اور پاکستان کے درمیان خوشگوار قریبی تعلقات استوار ہیں۔قطر 2 لاکھ پاکستانیوں کا مسکن ہے جو قطر کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔