اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں شدید زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔پیرکواپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کی حکومت اور عوام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پرتعزیت کا اظہارکرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا،وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں برادر ملک ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ ترکیہ نے ہر مشکل میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان اپنے برادر ملک ترکیہ کے عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی کے بڑھتے واقعات پوری دنیا کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے، یہ انسانیت اور کرہ ارض کی بقا کا معاملہ ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی کسی ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں رہی۔