وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ مصر انتہائی کامیاب رہا، ایک طرف عوامی خدمت جاری ہے اور دوسری طرف ایک شخص انتشار، فساد، جلائو گھیرائو اور فتنے میں مصروف ہے، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا بیان

130

اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ مصر انتہائی کامیاب رہا، موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات کے حوالے سے کاپ 27 کانفرنس پاکستان کیلئے بڑی نتیجہ خیز رہی، پہلی بار موسمیاتی تبدیلی کے باعث نقصانات اور تباہی کو ترقی پذیر ممالک کے مالیاتی دبائو میں اضافے کی وجہ تسلیم کیا گیا، پہلی مرتبہ ترقی پذیر ممالک کے نقصانات کے ازالے کے لئے مالی وسائل کی فراہمی پر عالمی اتفاق رائے ہوا ہے، ایک طرف عوامی خدمت جاری ہے اور دوسری طرف ایک شخص انتشار، فساد، جلائو گھیرائو اور فتنے میں مصروف ہے۔

بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف وہ شخص ہے جو جب سے اقتدار میں آیا، ملک اور عوام کی خدمت میں مصروف ہے اور دوسری طرف وہ کردار ہے جو جب سے سیاست میں آیا، تباہی، بربادی، انتشار اور خلفشار میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص سیلاب متاثرین کو سردی، بیماریوں، بھوک اور بیماری سے بچانے کی جدوجہد کر رہا ہے اور دوسری طرف وہ فسادی فتنہ ہے جو سڑکیں بند کر کے بیمار بچوں اور ایمبولینسز کو ہسپتال پہنچنے میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک شخص پاکستان کی معیشت کو تباہی کے دھانے سے واپس لایا اور معاشی بنیادوں کو مضبوط کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف دھرنوں، آگ لگا دو، مار دو، مر جائو، جلائو گھیرائو کا ماسٹر مائنڈ ہے جو ہوس اقتدار میں ہر ادارے، سرکاری و نجی املاک پر حملہ آور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص سفارتی تعلقات، دوست ممالک سے تعاون کی تجدید کر رہا ہے اور پاکستان کے عالمی وقار کو بحال کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف سازشی بیانیہ گھڑنے والا مکار، فریبی اور جعلساز ہے جس نے اقتدار کے لئے قومی مفادات کو دائو پر لگایا۔