پی کے ایل آئی منصوبے پر غریب ملک کا اتنا پیسہ خرچ ہوا اسے صرف مسلم لیگ ن کی حکومت کا منصوبہ ہونے کی وجہ سے تباہ کرنے کی کوشش کی گئی،وزیراعظم شہبازشریف

64
وزیراعظم شہباز شریف کا پی کے ایل آئی کا دورہ

لاہور۔24اپریل (اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان لیور اینڈ کڈنی انسٹیٹیوٹ پی کے ایل آئی منصوبے پر غریب ملک کا اتنا پیسہ خرچ ہوا اسے صرف مسلم لیگ ن کی حکومت کا منصوبہ ہونے کی وجہ سے تباہ کرنے کی کوشش کی گئی، یہ ہسپتال پورے ملک کے غریب لوگوں، ماں ، بچوں، بزرگوں، بہنوں کے علاج کیلئے بنایا گیا تھا، اس کڈنی سنٹر کی وجہ سے دو دفعہ نیب نے جیل بھیجا، ہسپتال پر لگنے والے 20 ارب میں سے 20 پیسے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوئی۔

اتوار کو لاہور میں پاکستان لیور اینڈ کڈنی انسٹیٹیوٹ پی کے ایل آئی کے دورے کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی کے ایل آئی کے دورے کے دوران معلوم ہوا کہ ہسپتال کے 20 میں سے 14 یونٹ بند پڑے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ وہ ہسپتال جسے پورے پاکستان کے غریب لوگوں کے مفت علاج کیلئے بنایا گیا تھا اس میں پچھلے ماہ صرف 17 فی صد ہی لوگوں کا مفت علاج کیا گیا۔2015 میں یہ ہسپتال بناتے وقت میں نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کے کسی بھی حصے سے لوگ اس ہسپتال میں مفت علاج کروا سکیں گے مگر افسوس مئی 2018 تک مفت علاج ہوا اور بعد میں تو یہ ہسپتال تقریبا دو سال تک بند رہا۔انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال سے پہلے لوگ اپنا علاج دوسرے ممالک سے کرواتے تھے۔

انہوںنے کہاکہ یہ ہسپتال سب کی محنت سے بنا،لوگ کہتے تھے 20 ارب خرچ کیا، دو دفعہ نیب نے جیل بھیجا، ان 20 ارب میں سے 20 پیسے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ بڑے دکھ کی بات ہے، بلکہ ماتم کرنے کی بات ہے کہ جس ہسپتال پر غریب ملک کا اتنا پیسہ خرچ ہوا ہو اسے صرف اس لئے کہ یہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا منصوبہ تھا، تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

وزیراعظم نے کہاکہ یہ ہسپتال پورے ملک کے غریب لوگوں، ماں ، بچوں، بزرگوں، بہنوں کے علاج کیلئے بنایا گیا تھا۔انہوں نے اسے وہی سرکاری رنگ و روپ دے دیا، جس طرح ملک میں بے شمار سرکاری ادارے تباہ ہوگئے،میں نے انتظامیہ اور چیف سیکٹری پنجاب کو ہدایت کر دی ہے کہ 48 گھنٹے میں اسے مکمل فعال کرنے کیلئے جائزہ لیں اور بریفنگ دیں۔