وزیراعظم شہباز شریف کا چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیّد عاصم منیر کو ٹیلی فون، آرمی چیف کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد

236

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیّد عاصم منیر کو ٹیلی فون کیا اور آرمی چیف کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔

منگل کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بہادر پاک فوج کے سپہ سالار کا منصب سنبھالنا بڑا اعزاز ہے، پاک فوج کو آپ جیسا پیشہ وارانہ قابلیت کا حامل سربراہ ملنا اللہ تعالی کا خاص فضل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پورا یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کی قوت میں مزید اضافہ ہوگا،مادر وطن کے تحفظ و سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے سمیت سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اللہ تعالی آپ کی مدد و راہنمائی فرمائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لئے ہمارا بھرپور تعاون آپ کومیسر رہے گا۔آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے نیک تمنائوں کے اظہار اور مبارکباد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔